حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الإسلام والمسلمین سعید روستا آزاد نے ”مدینہ سے قدس تک“ کے عنوان سے منعقدہ فاطمی مبلغات کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت زہراء (س) کے نمایاں اقدامات میں سے ایک، خطبۂ فدکیہ ہے، جسے مفکرین اور محققین کے لیے ایک قابلِ قدر درسی کتاب کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تبلیغی خدمات، اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک بڑی کامیابی ہیں اور امید ہے کہ مبلغین کی کوششیں اور تعاون روز بروز بہتر اور بڑھتا جائے گا۔
حجت الاسلام سعید نے تبلیغی بنیادی اصولوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں قرآن میں ارشاد ہے: إِنَّ الَّذینَ قالوا رَبُّنَا اللَّهُ ثُمَّ استَقاموا تَتَنَزَّلُ عَلَیهِمُ المَلائِکَةُ أَلّا تَخافوا وَلا تَحزَنوا وَأَبشِروا بِالجَنَّةِ الَّتی کُنتُم توعَدونَ. یہ آیت خدا کے خاص بندوں کے لیے دو بنیادی محوروں کو بیان کرتی ہے۔ اول خدا کی بندگی کو بیان کرنا اور خدا تعالیٰ کی ربوبیت کی وسعت کو بیان کرنا اور دوم اس بندگی اور ربوبیت کے تقاضوں پر عمل کرنا۔ حضرت زہراء سلام اللہ علیہا اپنی ثمر آور زندگی میں ان دو محوروں کی کامل نمونے کے طور پر حضرت حق کے مقام، ربوبیت اور بندگی اور خدا تعالیٰ سے رابطہ کرنے کے طریقے اور اس پر عمل کرنے کی واضح مثال ہیں۔
انہوں نے ایام فاطمیہ میں خواتین مبلغات کی اہم ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے معاشرے میں حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت کو پہنچانے پر زور دیا۔
یہ پروگرام ایام فاطمیہ کی مناسبت سے فاطمی مبلغات کی موجودگی میں منعقد ہوا، جس میں حوزہ علمیہ قم کی طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔